اردو

urdu

ETV Bharat / state

Mirwaiz Umar Farooq میرواعظ کو اپنی منصبی ذمہ داریوں سے کیوں دور رکھا جارہا ہے - میرواعظ گھر میں ںظر بند

جموں و کشمیر انتظامیہ نے اگرچہ میر واعظ کی چار برس طویل خانہ نظر بندی گزشتہ ماہ 22 ستمبر کو ختم کرکے انہیں اپنی منصبی اور ملی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت دی۔ تاہم رواں ماہ 15 اکتوبر سے انتظامیہ نے میرواعظ کو نہ ہی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ پر خطبہ دینے اور نہ ہی دیگر کسی مذہبی یا سماجی تقریب میں شرکت کرنے کی اجازت دی۔

mirwaiz-umar-farooq-again-kept-away-from-official-duties-by-jk-admn
یرواعظ کو اپنی منصبی ذمہ داریوں سے کیوں دور رکھا جارہا ہے

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 26, 2023, 3:54 PM IST

Updated : Oct 26, 2023, 5:40 PM IST

میرواعظ کو اپنی منصبی ذمہ داریوں سے کیوں دور رکھا جارہا ہے

سرینگر:میر واعظ کشمیر اور کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مولوی محمد عمر فاروق کو پھر سے اپنی ملی، سماجی اور مذہبی تقریبات میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔


انتظامیہ نے اگرچہ میر واعظ کی چار برس طویل خانہ نظر بندی گزشتہ ماہ 22 ستمبر کو ختم کرکے انہیں اپنی منصبی اور ملی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت دی۔ تاہم رواں ماہ 15 اکتوبر سے میرواعظ پھر سے نہ ہی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ پر خطبہ دے پائے اور نہ ہی دیگر کسی مذہبی یا سماجی تقریب میں شرکت کرنے کی اجازت دی گئی۔ایسے میں میرواعظ کی رہائی کے بعد مسلسل دو جمعہ گزرے ہیں جن میں جامع مسجد نمازیوں کے لیے بند رہی۔


انتظامیہ کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے طور مظاہرے ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے پیش نظر نہ تو جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا ہوسکی اور نہ ہی میر واعظ کو اپنے گھر سے جامع مسجد جانے کی اجازت دی گئی۔


میرواعظ محمد عمر فاروق کی رہائی کے بعد جہاں مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگ ان سے ملاقی ہوئے، وہیں تجارتی انجمنوں کے علاوہ سماجی اور مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی میرواعظ کے ساتھ ملاقات کی اور یہ سلسلہ کئی دنوں تک جارہی رہا۔اس دوران اگرچہ انہوں نے کئی اہم تقریبات میں بھی شرکت کی،تاہم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی (رح) کی مناسبت سے حال ہی میں منعقد ہوئے سیرتی مجالس میں انہیں شرکت کرنے سے روکا گیا۔


اس بیچ مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مولوی محمد محمد عمر فاروق ایک بااثر آواز ہے اور انہیں اپنی منصبی اور ملی ذمہ داریاں بنا کسی پابند کے نبھانے کی اجازت دی جانی چاہئے۔

ادھر سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ سماجی بدعات اور برائیاں اس وقت عروج پر ہے۔ اور ہر ذی حس اس حوالے سے کافی فکر بند ہیں۔ معاشرے میں برائیوں کا قلع قمع کرنے کی خاطر مذہبی رہنماؤں کا ایک رول بنتا ہے۔ایسے میں میر واعظ محمد عمر فاروق ایک بااثر شخصیت ہیں، جن کی اس وقت سماج کو بے حد ضرورت ہے۔

میر واعظ عمر فاروق کشمیر کے ممتاز مذہبی رہنما کا درجہ رکھتے ہیں۔قدیم زمانے سےمیرواعظ خاندان کی مرکزی جامع مسجد سے وابستگی رہی ہے۔ والد کے قتل کے بعد عمر فاروق میرواعظ بنے تب سے وہ جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دے رہے ہیں۔

Last Updated : Oct 26, 2023, 5:40 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details