سرینگر (جموں کشمیر) :محمد مقبول شاہ عرف مگہ چاچا کے رسم قُل کے موقع پر مختلف مکاتب ہائے فکر سے وابستہ شخصیات نے مرحوم کے گھر جاکر ان کی انسان دوستی، ملنساری، وفاداری اور مرحوم کی خاندان میرواعظین کے ساتھ بے لوث عقیدت کیلئے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے مگہ چاچا کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے جذبہ وفاداری اور جذبہ استقامت کو ناقابل فراموش دیا اور کہا: ’’مرحوم کی حیثیت (ہمارے) گھر میں ایک عائلی شخص کی سی تھی اور عمر رسیدہ ہونے کے باوجود تا دم مرگ مرحوم نے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ جس خلوص اور ایثار کا مظاہرہ کیا وہ ہم سب کیلئے ناقابل فراموش ہے۔‘‘
اس دوران انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر، انجمن نصرۃ الاسلام، دارالخیر میرواعظ منزل، جامع ٹریڈرس کے ارکان اور دیگر مکاتب فکر سے وابستہ لوگوں نے مرحوم کی انسان نوازی کیلئے ان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور مرحوم کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔