سرینگر:انجمن اوقاف جامع مسجد اور مسلسل نظر بند صدر انجمن میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے جانشین رسول اکرم ﷺ،خلیفتہ المسلمین سیدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے یوم وصال کی مناسبت سے حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انجمن نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت صدیق اکبر خلیفہ بلا فصل اور امت میں افضل البشر اور اولین صحابی رسول ہے،جنہوں نے پوری زندگی دین اسلام ، تحریک اسلام، اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ پر عملاً نچھاور کرکے ایک ایسی مثال قائم کی ہے، جس کی تاریخ انسانیت میں کوئی نظیر نہیں مل سکتی۔
قابل ذکر خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیقؓ کا یوم وفات 15جنوری یعنی 22جمادی الثانی کو انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا ۔اس مناسبت سے خاص تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے،جس میں مقررین خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق کے فضائل ومناقب اور سیرت و کردار پر روشنی ڈالے گے۔ سیدنا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا آنحضرت ﷺ سے غیر معمولی عشق و محبت کا تعلق تھا۔ اسی تعلق کا ثمر ہے کہ آپ کو آنحضرت ﷺسے وہ نسبتیں حاصل ہوئیں جو آپ کے سوا کسی اور کا مقدر نہ بن سکیں۔
آپ کا مزاج اور طبیعت و فطرت آنحضرت ﷺ سے اس قدر مشابہ تھا کہ پہلی وحی نبوت کے نزول کے وقت آپ ﷺکو تسلی دیتے ہوئے ام المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ ؓنے آپ کے جن اوصاف و کمالات کا ذکر فرمایا، یہی صفات اور خوبیاں حضرت ابوبکرؓ میں بھی نظر آتی ہیں۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ آنحضرت ﷺسے عمر میں دو یا تین برس چھوٹے تھے اور زمانہ نبوت سے قبل ہی دونوں حضرات آپس میں گہرے دوست تھے۔