سرینگر (نیوز ڈیسک) :انجمن اوقاف جامع مسجد، سرینگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ، تنظیم کے صدر میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق ریاستی حکام کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد گزشتہ روز نئی دہلی کیلئے روانہ ہو گئے۔ انجمن اوقاف کے مطابق میرواعظ نے حکام کو دورے کی نوعیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ، وہ ذاتی کام سے دہلی روانہ ہو رہے ہیں جس کے بعد حکام نے انہیں اجازت دے دی۔
انجمن اوقاف کا کہنا ہے کہ ستمبر 2023 میں طویل خانہ نظر بندی سے رہا ہونے کے باوجود انہیں بار بار اپنے گھر میں ہی نظر بند رکھا جاتا رہا ہے۔ خاص طور پر نماز جمعہ کی ادائیگی یا دیگر دینی اجتماعات میں شرکت سے میرواعظ کو بار بار روکا جا رہا ہے۔ میرواعظ کے دورہ دہلی سے متعلق انجمن نے مزید کہا ہے یہ ان کا ذاتی نوعیت کا دورہ ہے اور ایک یا دو ہفتوں تک وہ واپس وادی کشمیر پہنچیں گے۔