سرینگر (جموں کشمیر) :میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے ڈوڈہ میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثے میں تین درجن سے زائد مسافروں کی ہلاکت پر شدید رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔ میرواعظ نے حادثے میں فوت ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ رنج و الم کی اس گھڑی میں اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی افراد کی شفایابی کیلئے بھی دعا کی۔
میرواعظ نے ’’اس شاہراہ پر آئے روز سڑک حادثات میں اب تک متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور ان حادثات کو روکنے کیلئے ریاستی انتظامیہ کو مسافروں کی حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر کے ضمن میں اپنے فرائض کو پورا کرنے کی اہمیت‘‘ پر بھی زور دیا۔ ڈوڈہ میں پیش آئے حادثہ میں ہوئے جانی نقصان پر وزیر اعظم نریندر مودی، صدر مملکت دروپدی مرمو، وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، سابق وزراء اعلیٰ - محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ - کے علاوہ دیگر سیاسی لیڈرن نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔