سرینگر:انجمن اوقاف جامع مسجد کے صدر اور میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے صراف کدل میں واقع مہاجر ملت مسجد شریف کو گزشتہ رات آگ کی واردات کے دوران ہوئے شدید نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس واقعہ پر مسجد شریف کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ ابھی گزشتہ دنوں ہی بازار مسجد بہوری کدل کو آگ کی واردات سے نقصان پہنچا تھا اور اس ہفتے میں یہ دوسرا واقعہ ہے جہاں ایک اور مسجد شریف آگ کی نذر ہوئی۔انہوں نے مساجد کے مقامی انتظامیہ کمیٹیوں سے تاکید کی کہ سردیوں کے ان دنوں میں گرم رکھنے یا حمام جلانے کے ضمن میں بڑی احتیاط کی ضرورت ہے اور اس طرح کے واقعات باعث تشویش ہے۔
اس دوران میرواعظ کی ہدایت پر جامع اوقاف کے ایک وفد نے صراف کدل جاکر مسجد مہاجر ملت کے مقامی انتظامیہ تک مسجد کو ہوئے نقصان کے سلسلے میں میرواعظ کی تشویش اور ہمدردی سے آگاہ کیا اور ان کے ساتھ اپنی بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔