سرینگر (جموں و کشمیر):تین دن قبل سرینگر کے بمنہ علاقے میں فلڈ چینل میں غرقاب ہونے والے ایک نابالغ لڑکے کی لاش بدھ کی صبح بازیاب کر لی گئی۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ’’ایک نابالغ لڑکا جس کی شناخت اخلاص قیوم کے طور پر ہوئی ہے، جو ہمدانیہ کالونی، بمنہ کا رہائشی ہے، اتوار کو فلڈ چینل میں غرقاب ہو گیا تھا۔‘‘ ان کا مزید کہنا ہے کہ ’’واقعے کے فوراً بعد ایس ڈی آر ایف کی ٹیم، ریور پولیس سرینگر، فوج اور مقامی لوگوں کی مشترکہ ٹیموں نے لڑکے کو بازیاب کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا تاہم تین دن تک اس کا کوئی اتہ پتہ نہ چل سکا، اور آج تین روز بعد اس کی لاش برآمد کی گئی۔‘‘
پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ ’’نابالغ لڑکے کی لاش ڈوبنے کی جگہ سے ایک کلومیٹر دور ہوکر سر کے قریب سے بر آمد ہوئی۔‘‘ پولیس نے بچے کی جسد خاکی کو طبی و قانونی لوازمات کے لیے اپنی تحویل میں لیا۔ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں کیس درج کرکے ضروری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اور لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے سپرد کر دیا جائے گا۔