سرینگر: اطلاعات کے مطابق ہفتے کی شام کو ہمدانیہ کالونی بمنہ میں عسکریت پسندوں نے پولیس اہلکار حافظ احمد ولد غلام حسن پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا۔گولیوں کی آواز سنتے ہی آس پاس موجود لوگوں نے پولیس اہلکار کو علاج ومعالجہ کی خاطر جے وی سی سرینگر منتقل کیا جہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
ایک سینیئر پولیس افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ایک پولیس اہلکار، محمد حافظ چاڈ، جو سرینگر کی ہمدانیہ کالونی (بمنہ) کا رہائشی ہے، عسکریت پسندوں کی گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔ زخمی اہلکار کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال سکمز (بمنہ)منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ زخمی اہلکار کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ اس کے دائیں بازو اور پیٹ میں گولی لگی ہے۔ وہ علاقے کا مقامی رہائشی ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ہمدانیہ کالونی بمنہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر عسکریت پسندوں کی تلاش شروع کی ہے۔ذرائع کے مطابق بمنہ میں پولیس اہلکار پر ہوئے حملے کے بعد شہر بھر میں سکیورٹی فورسز کی چوکسی بڑھائی گئی۔اہم مقامات پر فورسز کی جانب سے ناکہ پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔