سرینگر (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں جمعہ کوپیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے عید میلادالنبی (ﷺ) کی تقاریب مذہبی جوش و ولولے کے ساتھ منائی گئیں، جن میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ وادی کی مختلف درگاہوں، مساجد، خانقاہوں اور بقعہ جات میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ عید میلاد کے موقع پر خانقاہوں اور متعدد مساجد میں رات بھر درود و اذکار، وعظ و نصیحت اور دعائیہ مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا۔
وادی میں اس ضمن میں سب سے بڑی مجلس سرینگر کے درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں گزشتہ شب ہی وادی کے اطراف اور اکناف سے آئے ہزاروں کی تعداد میں مسلمان جمع ہوئے اور شب خوانی کی۔ رات بھر، درود و اذکار دعائیہ مجالس جاری رہیں جبکہ نماز فجر اور جمعہ کی نماز کے بعد آثار شریف درگاہ میں جمع ہزاروں مسلمانوں کو موئے مقدس آں سرور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا دیدار بھی کرایا گیا۔
دیگر مساجد، درگاہوں و خانقاہوں میں بھی مجالس آراستہ ہوئیں، جن میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے خاتم النببین صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور حضور سروس کائنات (ﷺ) کی تعریفوں میں نعت خوانوں نے نعتیں پیش کیں۔ وہیں جمعہ کی نماز کے بعد وادی کشمیر سمیت صوبہ جموں کے سبھی تقریباً سبھی اضلاع میں جشن میلاد کے موقع پر جلوس بر آمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ جلوسوں کے راستوں پر رضاکاروں نے پانی وغیرہ کا بھی اہتمام کیا تھا۔