سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ’’کشمیر والا نیوز پورٹل‘‘ کے عملہ کی جانب سے سرینگر میں واقع اپنے دفتر کو خالی کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ’’کشمیری صحافیوں کو خاموش کیا جا رہا ہے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے اس سے قبل بھی جموں و کشمیر انتظامیہ سمیت مرکزی سرکاری پر کشمیری صحافیوں اور صحافتی اداروں کو ’’خاموش‘‘ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
سماجی رابطہ گاہ ایکس (سابق ٹویٹر) پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ’’دل دہلا دینے والی بات ہے! اقتدار کے سامنے سچ بولنے والے بہادر نوجوان صحافی اپنے دفاتر بند ہوئے بے بسی کے ساتھ (یہ منظر) دیکھ رہے ہیں۔ اس سے پہلے انہیں عسکریت پسندوں کی طرف سے رپورٹ کرنے پر دھمکیاں دی گئیں اور قتل بھی کیا گیا۔ اب یہ انتظامیہ ان کی سیکورٹی واپس لے کر اور انہیں محفوظ سرکاری رہائش گاہوں سے نکال کر خاموشی اختیار کرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔‘‘