اردو

urdu

ETV Bharat / state

پی ڈی پی، این سی کا سرینگر تصادم کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ - لیفٹینٹ گورنر

سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر سے سرینگر میں پیش آئے مبینہ فرضی تصادم کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور آخری رسومات کی انجام دہی کے لیے لواحقین کو جسد خاکی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں رکن پارلیمان اور نیشنل کانفرنس کے سینیئر رہنما جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے لیفٹیننٹ گورنر سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

محبوبہ مفتی نے سرینگر تصادم کی غیر جاندارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا
محبوبہ مفتی نے سرینگر تصادم کی غیر جاندارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا

By

Published : Jan 1, 2021, 1:34 PM IST

Updated : Jan 1, 2021, 2:35 PM IST

سرینگر کے مضافات میں 30 دسمبر کو پیش آئے تصادم میں فوج کی جانب سے تین مقامی عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کے دعویٰ کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک شدگان کے لواحقین نے اسے ’فرضی تصادم‘ قرار دیا۔

جمعہ کو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے لیفٹینٹ گورنر کو ایک مکتوب لکھا ہے جس میں اس انکائونٹر کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے لواحقین کو ہلاک شدگان کی جسد خاکی سپرد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں رکن پارلیمان اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

لیفٹیننٹ گونر کے نام تحریر مکتوب میں محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ’’یہ تصادم ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امشی پورہ شوپیان فرضی تصادم سے متعلق رپورٹ میں آرمی کیپٹن کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ سرینگر میں 30دسمبر کو پیش آئے تصادم میں ہلاک ہونے والے تین لڑکوں میں ایک صرف 17سال کا نوجوان ہے، اس تصادم میں بھی تین افراد کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ لواحقین نے اسے فرضی تصادم قرار دیا ہے۔‘‘

محبوبہ مفتی کا لیفٹیننٹ گورنر کے نام مکتوب

محبوبہ مفتی نے مکتوب میں مزید لکھا ہے کہ ’’آپ کے اور ہمارے درمیان جموں و کشمیر کے سیاسی معاملات سے متعلق نا اتفاقی ہو سکتی ہے، مگر مجھے یقین ہے کہ اور سبھی کی ایک ہی رائے ہوگی کہ ایسے معاملات سے حفاظتی اہلکاروں کی شبیہہ خراب ہونے کے علاوہ یہ انسانی حقوق کی صریح پامالی ہے۔‘‘

نیشنل کانفرنس کا ٹویٹ

محبوبہ مفتی نے لیفٹیننٹ گورنر سے عسکریت پسندوں کی لاش کو لواحقین کے سپرد نہ کرنے کے انتظامیہ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'ایک ماں کو اپنے بیٹے کی اچانک موت پر ماتم کرنے اور اس کا آخری دیدار کرنے سے نہیں روکا جانا چاہئے۔'

مزید پڑھیں؛ سرینگر انکاؤنٹر: 'ایک ہی بیٹا تھا، وہ بھی مارا گیا'

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینیئر رہنما حسنین مسعودی نے بدھ کو پیش آئے انکاؤنٹر کے ’فرضی‘ ہونے کی خبروں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر سے گزشتہ شب گفتگو کی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے اس معاملے میں تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Last Updated : Jan 1, 2021, 2:35 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details