مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے رہنے والے ثاقب وانی نے حال ہی میں زی میوزک کی جانب سے ریلیز کی گئی ویڈیو سونگ 'لولن' میں نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ ہدایت کاری سے بھی موسیقی کے شائقین کا دل جیت لیا۔ 28 برس کے یہ فنکار اس سے قبل نیٹ فلکس اور دیگر انٹرٹینمنٹ چینلوں پر شائع ہونے والے ڈرامہ میں بھی کام کر چکے ہیں۔
ثاقب سرینگر شہر کے ٹینکی پورہ علاقے میں رہتے ہیں اور ان کی ابتدائی تعلیم نیو کانونٹ ہائی سکول سے ہوئی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران انہوں نے اپنے سفر اور حال ہی میں ریلیز ہوئی میوزک ویڈو کے حوالے سے تفصیلی تذکرہ کیا۔
ثاقب کا کہنا ہے کہ ان کو اداکاری کا شوق بچپن سے تھا اور گھر والوں نے بھی بھرپور تعاون کیا۔ اگرچہ ان کے گھر والے چاہتے تھے کہ وہ سول سروسز میں جائیں تاہم انہوں نے اداکاری کو ہی ترجیح دی۔ اور اس وقت اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ فائنانس میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔