اردو

urdu

ETV Bharat / state

سرینگر: ڈاکٹروں نے ’غلطی‘ سے خاتون کی بچہ دانی نکال دی

جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں جمعرات کو طبی لاپروائی کے ایک دل دہلانے والے معاملہ میں ڈاکٹروں نے ’غلطی‘ سے ایک خاتون کی بچہ دانی نکال دی۔

By

Published : Jul 9, 2021, 11:19 AM IST

سرینگر: ڈاکٹروں نے ’غلطی‘ سے خاتون کی بچہ دانی نکال دی
سرینگر: ڈاکٹروں نے ’غلطی‘ سے خاتون کی بچہ دانی نکال دی

سرینگر کے ایک نجی ہسپتال میں جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک جواں سالہ خاتون کے پتہ (Gallbladder) کی سرجری کے دوران ڈاکٹروں نے ’غلطی‘ سے اس کی بچہ دانی بھی نکال دی۔

جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کی رہنے والی 26 برس کی خاتون کے بھائی کے مطابق ’’میری بہن کے پتہ پر 6 ملی میٹر کا پولپ پایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی جانب سے سرجری کا مشورہ دینے کے بعد انکی سرینگر کے کلاسک ہسپتال میں سرجری کی گئی۔‘‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’سرجری کے بعد جب الٹرا ساؤنڈ کروایا گیا تو معلوم ہوا کہ سرجری کی ضرورت ہی نہیں تھی کیونکہ پولپ بہت چھوٹی تھی۔ اس سے بھی چونکانے والی بات تھی کی میری بہن کی بچہ دانی بھی غائب تھی۔‘‘

خاتون کے کنبے نے دعویٰ کیا ہے کہ جب انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے اس حوالے سے رابطہ کیا تو ’’انہوں نے پہلے تو لا تعلقی کا اظہار کیا تاہم بعد ازاں سمجھوتہ کرنے کی پیشکش کی۔‘‘

خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ ’’میری بہن کی شادی محض دو برس قبل ہوئی تھی۔ ہمیں انصاف چاہیے اور ان ڈاکٹروں کو ایسی سزا ملنی چاہئے تاکہ دوبارہ اس طرح کی طبی لاپروائی کا معاملہ سامنے نہ آئے۔‘‘

مزید پڑھیں: Eid Ul Adha: جموں و کشمیر: قربانی کے جانوروں کے قیمتیں طے

خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ ’’میری اہلیہ کی زندگی برباد ہو گئی، وہ اب کبھی ماں نہیں بن سکتی۔ ہمیں زیادہ اُمید نہیں ہے لیکن اس ہسپتال کے خلاف پولیس میں شکایت ضرور درج کریں گے۔‘‘

ای ٹی وی بھارت نے ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے اس طرح کے کسی بھی واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا: ’’ہمیں اس معاملے کا کوئی علم نہیں، ہمیں یہ بھی معلوم نہیں کہ انہوں نے کس سے رابطہ قائم کیا تھا۔ وہ ہم سے آ کر شکایت درج کریں، ہم ضرور اندرونی تحقیقات کریں گے۔‘‘

ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر ڈاکٹر مشتاق راتھر نے یقین دہانی کی کہ اگر خاتون کا کنبہ شکایت درج کرتا ہے تو ہسپتال کے خلاف قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details