لیفٹیننت گورنر جمعے کو راج بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ منوج سنہا کی پہلی پریس کانفرنس تھی۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کے دائرے میں لانے کا ایک اہم اعلان کیا ہے۔ نیز عام لوگوں کی سرکاری افسروں تک رسائی آسان بنانے سے متعلق اعلانات بھی کئے ہیں۔
منوج سنہا نے کہا: 'جموں و کشمیر زیادہ تر غلط وجوہات کے سبب ہی خبروں میں رہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اب ہمیں دو قدم آگے بڑھنا ہے۔ اس سلسلے میں آپ (میڈیا) کا تعاون بھی چاہتا ہوں۔ آپ کی کوئی بھی تجویز ہمیں طاقت دے گی۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ کچھ غلط ہو رہا ہے تو ہم تنقید کا بھی خیر مقدم کریں گے'۔
جب ایک نامہ نگار نے لیفٹیننٹ گورنر سے پوچھا کہ وادی کشمیر میں ان کے بقول میڈیا پر عائد پابندیاں کب ہٹیں گی تو ان کا مسکراتے ہوئے کہنا تھا: 'ارے بھائی میں آپ کو مدعو کر چکا ہوں۔ آپ پر پابندی کہاں لگی ہے۔ میں آپ کے ساتھ چائے پینے والا ہوں اور آپ کہتے ہیں کہ پابندی ہے'۔
منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کو آیوشمان بھارت کے دائرے میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا: 'آج انتظامی کونسل کی میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ لیا گیا ہے۔ آیوشمان بھارت ملک میں قریب پچاس کروڑ لوگوں کو صحت کی حفاظت فراہم کر رہی ہے'۔