اننت ناگ / سرینگر (جموں و کشمیر):انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پاکستان میں ایم بی بی ایس نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق درج ایک معاملے میں جمعرات کو علیٰحدگی پسند رہنما قاضی یاسر اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بھٹ کے رہائشی مکانات سمیت تین مختلف جگہوں پر چھاپے مارے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے ہمراہ جمعرات کی صبح جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے قاضی محلہ میں واقع علیٰحدگی پسند رہنما قاضی یاسر کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ساتھ ہی سالویشن موومنٹ نام کی تنظیم کے چیئرمین ظفر اکبر بھٹ کی رہائش گاہ واقع باغ ماہتاب، سرینگر سمیت برزلہ علاقے میں سید خالد گیلانی کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجز میں جموں و کشمیر کے رہائشیوں کے لیے مخصوص ایم بی بی ایس نشستوں کی الاٹمنٹ کے معاملے میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان مخصوص نشستوں کے عوض حاصل ہونے والی رقم کو خطے میں عسکریت پسندی کو فروغ دینے کے لئے استعمال میں لایا جا رہا تھا۔