سرینگر:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ رواں برس جموں وکشمیر کی سیر کرنے والے سیاحوں کی تعداد سوا دو کروڑ سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ جبکہ سرینگر میں جی 20 سربراہی اجلاس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں 59 سیاحوں کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار ایل جی منوج سنہا نے پیر کو رائل اسپرنگس گالف کورس سرینگر میں 44 ویں ’’پی ایس پی بی انٹرنیٹ گالف ٹورنامنٹ‘‘ کے افتتاح کے دوران کیا ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’توقع ہے کہ ٹورمنٹ میں شرکت کر رہے تمام کھلاڑی اسپورٹس مین شپ کے جذبے کے ساتھ کھیلیں گے اور یہ گالف ٹورمنٹ خوش اسلوبی کا ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔‘‘ سیاحتی سرگرمیوں کے حوالہ سے ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ گزشتہ برس ایک کروڑ 88 لاکھ سیاحوں نے جموں وکشمیر کی سیر کی۔ وہیں جاریہ سال کے اگست مہینے تک ایک کروڑ 52 لاکھ سیاحوں نے وادی کشمیر کا رخ کیا۔ ایسے میں توقع کی جا رہی ہے سال 2023 کے آخر تک سوا دو کروڑ سے زائد سیاح کشمیر کی سیر پر آئیں گے۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ سرینگر میں منعقدہ جی 20 سربراہی اجلاس کے بعد سے بین الاقوامی سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 59 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔