سرینگر:چھڑی مبارک (بھگوان شیو کی چاندی کی چھڑی) کے محافظ مہنت دیپندرا گری نے رواں برس امرناتھ یاترا کے دوران سادھؤوں اور لوگوں کے لیے چھڑی مبارک کا شیڈول جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یاترا سے منسلک روایتی رسومات جیسے بھومی پوجن، نوگرا پوجن اور دھواجا روہن جن سے یاترا کا آغاز ہوتا ہے، کو اگلے بدھ یعنی 13 جولائی کو ویاس پرنما کے پوتر موقع پر پہلگام میں انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 28 جولائی کو چھڑی مبارک کو تاریخی شنکر اچاریہ مندر پہنچایا جائے گا اور اگلے روز اس کو شاریکہ بھوانی مندر پہنچایا جائے گا۔ Mahant Deependra Giri on Chhadi Mubarak
بیان میں کہا گیا کہ 2 اگست کو پوتر ناگ پنچھمی کے موقع پر دشنمی آکھرہ سرینگر میں چھڑی پوجن کے بعد مہینت گری چھڑی مبارک کو امر ناتھ گپھا لے جائیں گے جہاں وہ 12 اگست کو شرون پورنما کے موقع پر پوجا کریں گے۔ بیان کے مطابق وہ 7 اور 8 اگست کو پہلگام میں رات کو قیام کریں گے جب کہ 9 اگست کو چندن واڑی میں، 10 اگست کو شیش ناگ میں اور 11 اگست کو پنچترانی میں قیام کریں گے۔