لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں و کشمیر بین الاقوامی ثالثی مرکز (جے کے آئی اے سی) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر جموں و کشمیر انٹرنیشنل ثالثی مرکز کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ آزاد معیشت اور عالمگیریت کے زمانے میں جموں و کشمیر میں بین الاقوامی ثالثی مرکز کا قیام ایک اہم اقدام ہے۔ ثالثی کے اس ادارے کے ساتھ جموں و کشمیر نے دنیا کے تجارتی ثالثی نقشہ میں اپنا مقام محفوظ کر لیا ہے۔ اس اقدام سے جموں و کشمیر کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری، صنعت، کاروبار اور تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 'عالمگیریت نے تجارت اور سرمایہ کاری میں سرحدوں کی مطابقت کو کم کر دیا ہے لیکن ہمیں زیادہ سے زیادہ فوائد کے لئے بین الاقوامی طریقۂ کار پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ثالثی، تنازعہ حل کے ایک انداز کے طور پر سرمایہ کاروں کو لچک، انتخاب اور اعتماد دیتی ہے۔'