کووڈ-19 سہولیات کو مزید تقویت دینے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز سینیئر ڈاکٹروں، صحت کے عہدیداروں اور سی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ کشمیر ڈویژن میں 1050 آکسیجن بستروں میں اضافہ کریں تاکہ اسپتال میں داخل ہونے والے لوگوں کے لئے فوری علاج معالجہ کو یقینی بنایا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ہدایت کی کہ آکسیجن کے ساتھ بستروں کو ایک ہفتے کے اندر تیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے صحت کے بنیادی ڈھانچے میں کافی حد تک بہتری آئے گی اور بحران کی گھڑی میں مریضوں کی مدد کی جاسکے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سول سیکرٹریٹ میں کشمیر ڈویژن کے سینئر ڈاکٹروں اور چیف میڈیکل آفیسران کے ساتھ متعدد میٹنگ کیں۔ جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو موثر انداز میں قابو کرنے کے لئے لگائے گئے کووڈ-19 کی صورتحال اور کنٹینمنٹ اقدامات کا جائزہ لیا۔