جموں و کشمیر کے کئی اضلاع میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے جمعرات 29 اپریل سات بجے سے پیر کے روز یعنی تین مئی کی صبح تک 11 اضلاع میں لاک ڈاون نافذ کیا ہے۔ اس دوران لازمی سروس، ایمرجنسی اور مجبوری کی صورت میں آنے جانے والوں کو راحت دی گئی ہے۔
ضلع اننت ناگ میں 'مکمل لاک ڈاون' نافذ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع صدر مقام سمیت تمام دیگر بلدیاتی علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ صرف ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو چلنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ لاک ڈاؤن کورونا وبا کو روکنے کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔
اسی طرح شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سب ڈویژن اوڑی کے مختلف علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ بارہمولہ کے داورین، گنگل، لگما، بانڈے میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
ضلع پلوامہ میں بھی کال رات سے ہی کورونا کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا گیا۔ کرفیو کا نفاذ عمل میں لانے کے لئے ضلع انتظامیہ پلوامہ بشمول پولیس اور سی آر پی ایف کی جانب سے جگہ جگہ پر ناکہ لگائے گئے تھے اور کسی کو بھی چلنے پھرنے کی بلا ضرورت اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ
پلوامہ کے سب ضلع ترال میں چوراسی گھنٹے کا لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ ترال علاقے میں اس لاک ڈاؤن کا کافی اثر دیکھنے کو ملا۔ پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری نفری کو بس اسٹینڈ اور ترال بالا میں تعینات کیا گیا۔