سرینگر:محکمۂ موسمیات کی اگلے چند دنوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ وادیٔ کشمیر کے کئی علاقوں بشمول سری نگر میں جمعے کی صبح بھی برف کی مہین سفید چادر بچھی تھی۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ گلمرگ میں 10.0 سینٹی میٹر، پہلگام میں 8.7 سینٹی میٹر، کپوارہ میں 2.5 سینٹی میٹر، قاضی گنڈ میں 11.0 سینٹی میٹر، بانہال میں 2.0 سینٹی میٹر اور بٹوٹ میں 2.0 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے۔ دریں اثنا مطلع ابرا آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجۂ حرارت میں مزید بہتری واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجۂ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب بھی یہی درجۂ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Snowfall In Kashmir: کشمیر میں برفباری کا سلسلہ جاری، فضائی ٹریفک متاثر