سری نگر: محکمہ موسمیات کی طرف سے کہیں کہیں ہلکی بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بتدرج اضافہ درج ہو رہا ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 13 مارچ کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 14 سے17 مارچ تک موسم خشک مگر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں سے 18 سے21 مارچ تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران رک رک بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے۔
ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ ہو رہی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔