سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز ترنگا یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے سول انتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ راج بھون کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "اجلاس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، جی او سی 15 کارپس لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھری کے علاوہ دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے اجلاس کے دوران کہا کہ "ہم سب کو اپنے پیارے ترنگے کو سلام کرنے اور اس موقع پر جشن منانے میں خصوصی فخر کرنا چاہیے۔ یہ ہمارے فریڈم فائٹرز، جنہوں نے ہمیں آزادی دلائی، کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی موقع ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ " لیفٹیننٹ گورنر نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو 13 اگست کو ایس کے آئی سی سی سے بوٹینیکل گارڈن تک واک کاتھون میں شرکت کے لیے اکٹھا ہونے کی اپیل بھی کی۔