سرینگر:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت تیار ہو رہے سرینگر کے بازار بھی دہلی، چندی گڑھ اور دیگر شہروں کی طرح نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگ سرینگر میں ہوتے ہوئے ایسا محسوس کریں گے کہ جیسے وہ ممبی یا دہلی میں ہیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز پولو ویو مارکیٹ کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت لالچوک اور پرانے شہر میں بھی کئی ایسے بازار تیار کئے جا رہے ہیں'۔ان کا کہنا تھا کہ 'سرینگر بھی دلی، چندی گڑھ اور دیگر شہروں کی طرح نظر آئے اس طرح کی کوششیں کی جا رہی ہیں'۔منوج سنہا نے کہا کہ لوگ سرینگر میں ہوتے ہوئے ایسا محسوس کریں گے جیسے وہ ممبی یا دہلی میں ہیں۔
پولو ویو مارکیٹ کو اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت تیار کیا گیا اور اس بازار کے دکانداروں نے مارکیٹ کی شکل و صورت بدلنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس دوران موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے آبی گذر میں واقع مندر کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو اور ایس ایم سی کمشنر اطہر عامر خان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔