اردو

urdu

پامپور میں عسکریت پسند کا معاون گرفتار

By

Published : Oct 17, 2020, 12:28 PM IST

جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے پامپور علاقے سے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ایک عسکریت پسند کے معاون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

LeT militant
LeT militant

جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے پامپور علاقے سے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ایک عسکریت پسند کے معاون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے ہفتے کو بتایا کہ پلوامہ کے پامپور علاقے سے ایل ای ٹی کے ایک بالائی زمین کارکن (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ عسکریت پسند تنظیم کو پناہ، رسد اور دیگر مدد فراہم کر رہا تھا اور پلوامہ کے پامپور، کھریو اور کاکاپورا علاقے میں سرگرم عسکریت پسندوں کے اسلحہ اور گولہ بارود کی نقل و حمل میں بھی ملوث تھا۔

پولیس آفیسر کے مطابق 'گرفتار شخص کی شناخت پامپور کی زعفران کالونی کے باشندہ حارث شریف کے طور پر ہوئی ہے۔ گرفتار شخص کے پاس سے کچھ چیزیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔'

معاملے کے متعلق پامپور پولیس اسٹیشن میں غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر (84/2020) درج کی گئی ہے۔

اس کے ایک دن قبل پولیس نے چھ افراد کے ایک ماڈیول کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس نے اس سال سرینگر جموں شاہراہ پر سکیورٹی فورسز پر چار حملے کرنے میں پاکستانی عسکریت پسند سیف اللہ کی مدد کی تھی۔

کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل پولیس وجئے کمار نے کہا کہ ان مشتبہ افراد کی شناخت کی گئی اور اس کے بعد پولیس نے انھیں پوچھ گچھ کے لئے اٹھایا اور دوران تفتیش انہوں نے حملوں میں شدت پسندوں کی مدد کرنے کا اعتراف کیا۔

وہ لشکر طیبہ کے ہلاک شدہ پاکستانی عسکریت پسند سیف اللہ کے ساتھی تھے جو اس ہفتے برزلہ انکاؤنٹر میں مارا گیا تھا۔ سیف اللہ ہائی وے پر سکیورٹی فورسز پر ہوئے حملے میں شامل تھا۔

آئی جی پی نے بتایا کہ 'گرفتار عسکریت بسندوں کے پاس سے چھ گاڑیوں جن میں ٹویرا، دو الٹو کاریں اور تین بائکز شامل ہیں، کو بھی برآمد کیا گیا جس کا حملے میں استعمال کیا گیا تھا۔'

ABOUT THE AUTHOR

...view details