سرینگر (جموں کشمیر):لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی (ایل سی ایم اے) نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اپنی انہدامی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے ڈل جھیل کے آس پاس اور گرین بلیٹ میں غیر قانونی طریقے سے تعمیر کئے گئے کئی ڈھانچے مسمار کیے۔ لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کی انفورسمنٹ ونگ نے چند پورہ ہارون، ڈلگیٹ، نشاط اور ڈبلیو ایف آر وغیرہ میں انہدامی کارروائی عمل میں لاکر ان تعمیرات کو منہدم کیا جو کہ غیر مجاز تھے۔ مزکورہ علاقوں میں کنکریٹ بلاک، یک منزلہ ڈھانچوں اور کمپاؤنڈ کے علاوہ کئی ایک ٹین شیڈ بھی گرائے گئے۔
ادھر، انفورسمنٹ ونگ کے اہلکاروں کو انہدامی کارروائی انجام دینے کے دوران کئی علاقوں میں لوگوں کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کے عہدیدارن نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایل سی ایم اے کے دائرہ اختیار اور گرین بیلٹ کے حدود میں آنے والے علاقوں میں کسی بھی طرح کی تعمیراتی سرگرمی انجام دینے سے باز آئے۔ وہیں انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت کے کسی بھی قسم کا تعمیراتی ڈھانچہ کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔