اردو

urdu

ETV Bharat / state

غیر قانونی طور پر تعمیراتی مواد ڈھونے کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب

ڈل جھیل کو تحفظ فراہم کرنے اور جھیل کے ارد گرد کسی غیر قانونی تعمیر پر روک لگانے اور تعمیراتی مواد ڈھونے والی گاڑیوں پر کڑی نگاہ رکھنے کے لئے ڈل جھیل کے آس پاس کئی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔

غیر قانونی طور تعمیراتی مواد ڈھونے کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب
غیر قانونی طور تعمیراتی مواد ڈھونے کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب

By

Published : May 25, 2021, 12:16 PM IST

Updated : May 25, 2021, 12:43 PM IST

وائس چیئرمین لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (LAWDA) ڈاکٹر بشیر احمد بٹ کے مطابق ڈل جھیل کے گرد و نواح میں 5اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور مزید کیمرے نصب کرنے کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کئی لوگ موجودہ صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاکر غیر قانونی طور تعمیراتی کام انجام دے رہے ہیں، جس پر روک لگانے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر بر وقت کارروائی عمل میں لانے کی خاطر نصب کئے جا رہے سی سی ٹی وی کیمرہ معاون و مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

وہیں انہوں نے مزید کہا کہ لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لاوڈا) کے دائرہ اختیار میں ڈل جھیل اور نگین جھیل کے گرد و نواح میں ڈی ویڈنگ اور گھاس پھوس نکالنے کے آپریشن کی نگرانی رکھنے میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے اہم رول ادا کر سکتے ہیں۔

لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وی سی نے لاوڈا کے دائرہ اختیار میں رہنے والے لوگوں سے ’’کسی بھی غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں یا بغیر اجازت کے کسی بھی تعمیراتی مواد کو لانے یا لے جانے‘‘ سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عدالت عالیہ نے بھی تعمیراتی مواد ڈھونے والی ایسی گاڑیوں کے خلاف 50ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کا بھاری جرمانہ عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے جو ڈل جھیل کے اردگرد کسی بھی طرح کے تعمیراتی مواد کو لانے اور لے جانے میں استعمال کی جائیں گی۔

جاری کردہ حکمنامے میں مزید کہا گیا تھا کہ اگر ملوثین باز نہیں آئیں گے اور لگاتار تین مرتبہ خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو انہیں عدالت میں پیش کرنا ہوگا اور جب تک عدالتی کارروائی ختم نہیں ہوگی (تعمیراتی مواد ڈھونے کے استعمال میں لائی گئی) گاڑی پولیس تحویل میں ہی رہے گی۔

Last Updated : May 25, 2021, 12:43 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details