کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عاشق نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے حالیہ دنوں لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں کشمیر کی موجودہ اقتصادی حالت سے متعلق معلومات فراہم کیں۔
شیخ عاشق کا کہنا تھا کہ انہوں نے لیفٹینٹ گورنر کو گزشتہ برس 5اگست کے بعد سے ہوئے اقتصادی نقصانات کے حوالے سے باخبر کرتے ہوئے، تاجرین، مزدور پیشہ افراد، دکانداروں، محکمہ سیاحت سے وابستہ افراد اور خصوصاً ٹرانسپورٹرس کو درپیش مالی مشکلات سے باخبر کیا۔
کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر پریس کانفرنس کے دوران شیخ عاشق کا کہنا تھا کہ انہوں نے مختلف تاجر انجمنوں، یونینوں اور کمیٹیوں سے رابطہ قائم کرکے ان شعبہ جات کو درپیش مسائل و مشکلات سنے اور انہیں لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ تک پہنچائے۔
حالیہ دنوں انتظامیہ کی جانب سے کشمیر کی اقتصادی حالت کو بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دیئے جانے سے متعلق شیخ عاشق کا کہنا تھا کہ انہیں اس کمیٹی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔
کشمیری اقتصادیات کو ہوئے نقصان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’’گزشتہ برس 5اگست سے تقریباً ہر فرد متاثر ہوا ہے، اور کشمیر کی معیشت کو ہزاروں کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، لاکھوں افراد کی نوکریاں چلی گئیں، اوسط درجے کا تاجر اور یومیہ مزدوری پر زندگی بسر کرنے والے افراد، دکاندار و ٹرانسپورٹرس کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب کمیٹی ایک ایسا لائحہ عمل مرتب کرے گی جس سے یہاں کی معیشت پھر سے مستحکم ہو سکے۔