ایک طرف جہاں وادی کشمیر میں حالیہ دنوں میں بے روزگاری میں حد درجہ اضافہ ہوا ہے وہیں یہاں کے مقامی نوجوان خود کا روزگار شروع کرنے کی جانب راغب ہو رہے ہیں، ان ہی میں سرینگر سے تعلق رکھنے والے دو بھائی بھی ہیں۔
شاہد پنڈت اور سمیر پنڈت کا تعلق سرینگر کے شالیمار علاقے سے ہے۔ یہ دونوں بھائی دبئی میں برسر روزگار تھے، اپنا کاروبار کرنے کی چاہت میں انہوں نے دبئی کو خیر باد کہہ دیا اور وادی میں اپنا روزگار شروع کیا ہے۔
دونوں بھائیوں کی محنت ایسی رنگ لائی کہ وہ آج وادی کے تمام ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں اپنے پروڈکٹس فراہم کرا رہے ہیں۔
شاہد پنڈت کشمیر کی سینٹرل یونیورسٹی سے ماسٹر ان بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کر کے جموں کشمیر بینک میں ملازمت حاصل کی تاہم ان کا من کبھی بھی بینک کی نوکری میں نہیں لگا جس کے بعد انہوں نے نوکری چھوڑی اور دبئی میں اپنے بھائی سمیر پنڈت کے ساتھ اپنا بزنس شروع کیا۔
سمیر تعلیم یافتہ شیف ہے اور دبئی کے ایک جانے ہوٹل میں کام کرتے تھے۔ تاہم وہ خود کا کاروبار شروع کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے پانچ سال تک ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں کام کیا۔ کافی عرصے تک دبئی میں کام کرنے کے بعد دونوں بھائیوں نے فیصلہ کیا کہ وہ بھارت کی دارالحکومت دہلی میں کاروبار شروع کریں گے۔