سرینگر:جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر سے تعلق رکھنے والے خالد وانی نے ڈیٹا سائنس کی دنیا میں اپنا نام کمایا ہے اور کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔ سرینگر کے رہنے والے خالد وانی اس وقت دنیا کی بڑی ڈیٹا کمپنیوں میں معروف کمپنی 'ویسٹئرن ڈیجیٹل' کے ڈائریکٹر سیلز کے عہدے پر فائز ہیں۔ بطور سیلز ڈاریکٹر خالد وانی اس کمپنی کے لئے جنوبی ایشیا و مشرقی ایشیا کے ممالک میں ڈیٹا کی دنیا کے متعلق کمپنی کے لئے ڈیلز طے کررہے ہیں۔
خالد وانی اس سے قبل آئی بی ایم کمپنی میں کام کرچکے ہیں جہاں انہوں کمپیوٹر کی دنیا میں تابناک کارنامے انجام دئے ہیں۔ ڈیٹا اور کمپیوٹر کی دنیا میں کام کرنے اور شہرت پانے کے بعد خالد وانی نے گزشتہ چند برسوں سے وادی کا رخ کیا ہے اور یہاں طلبا میں ڈیٹا کی دنیا کے متعلق بیداری پیدا کر رہے ہیں۔ وہ کشمیر میں قائم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی میں انجینئرنگ کی تعلیم پڑھنے والے طلبا کے ساتھ ٹاک سے منسلک ہوئے ہیں اور انکو ڈیٹا کی دنیا کے متعلق تعلیم دے رہے ہیں اور اس شعبہ میں ملازمت حاصل کرنے کا مشورے دے رہے ہیں۔
خالد وانی نے گزشتہ مہینوں سے کشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں کام کرنے والے افراد سے کئی مشاورتی اجلاس کئے ہیں جن میں وہ انکو ڈیٹا کی دنیا کے متعلق بیداری کر رہے ہیں اور انکو اس ڈیٹا کے شعبہ میں تجارت کرنے کی طرف راغب کر رہے ہیں۔ کشمیر میں یونیورسٹی آف کشمیر، اسلام یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ایس ایس ایم کالج آف انجینئرنگ سے ہر سال سینکڑوں انجینئرنگ کے طلبا تعلیم حاصل کرتے ہیں، جن میں کم نوجوان ہی نوکریاں کرنے وادی سے باہر جاتے ہیں۔