وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے پریس کالونی سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے سب انسپکٹر پوسٹ کے لیے مقرر کی گئی عمر کی حد میں رعایت دینے کا مطالبہ کیا۔
سب انسپکٹر پوسٹ کے لیے عمر کی حد میں رعایت کا مطالبہ احتجاج کر رہے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے سب انسپکٹر اسامیوں کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں جس میں، ان کے مطابق، امیدوار کی کم سے کم تعلیمی قابلیت گریجویشن مقرر کی گئی ہے وہیں خواہشمند امیدوار کی عمر 25سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد امیدوار عمر بھر میں محض ایک مرتبہ ہی سب انسپکٹر پوسٹ کے لیے درخواست جمع کر سکتا ہے کیونکہ انکے مطابق پوسٹ کے لیے عمر کی حد بہت کم مقرر کی گئی ہے، اور ’’انتظامیہ کی جانب سے سب انسپکٹر پوسٹ کی اسامیوں کے لیے ہر سال درخواستیں طلب نہیں کی جاتیں۔‘‘
مزید پڑھیں:اگر اقوام متحدہ نے مداخلت نہ کی ہوتی تو شاید پورا کشمیر ہمارا ہوتا: ائیر مارشل امت دیو
احتجاجیوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر ریاستوں میں سب انسپکٹر پوسٹ کے لیے 35برس کی عمر تک کے افراد درخواستیں جمع کر سکتے ہیں تاہم وادی کشمیر میں صرف 25برس کی عمر مقرر کی گئی ہے جو انکے مطابق ’’سراسر نا انصافی ہے۔‘‘