سرینگر (جموں و کشمیر):سعودی عرب میں سڑک حادثے کے دوران ہلاک ہونے والے سرینگر کے نوجوان کی لاش کو وطن واپس لانے کے لیے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی مدد طلب کی۔ سی جی آئی جدہ کی جانب سے ٹویٹ کیے جانے اور این او سی جاری کرنے پر محبوبہ نے سی جی آئی جدہ کی ستائش کی ہے۔
سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا: ’’(پائین شہر سرینگر کے) رعناواری سے تعلق رکھنے والے عادل شعبان، سعودی عرب میں ایک المناک سڑک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ غمزدہ خاندان اپنے لخت جگر کی تدفین کے لیے میت کو واپس وطن لانے کے لئے شدت سے بے چین ہے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے وزارت خارجہ سمیت وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے متوفی کی جسد خاکی کو واپس وطن لانے کے حوالہ سے مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔