یروشلم:غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بیچ درماندہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنی دختر سمیت بحفاظت مصر پہنچ چکی ہے۔ بھارت کی جانب سے شروع کیے گئے مشن کے تحت کشمیری خاتون لبنیٰ نذیر شبو اپنی دختر کریمہ کے ہمراہ پیر کی شام مصر اور غزہ کے مابین واقع رفع بارڈر کو عبور کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ لبنیٰ کے شوہر نے تصدیق کی کہ ان کی زوجہ اور دختر بحفاظت مصر پہنچ کی ہے۔
لبنیٰ کے بھائی، جو اس وقت دہلی میں ہے، نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک ہفتہ قبل ہماری ان کے ساتھ بات چیت ہوئی تھی جس سے ہمیں اطمینان ہو گیا کہ وہ عافیت سے ہے اور جنگ زدہ علاقے سے نکل چکی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا: ’’ہم اس وقت دہلی میں لبنیٰ اور کریمہ کے انتظار میں ہیں۔‘‘