شہر خاص کے رعناواری علاقے کی رہنے والی 19 برس کی طالبہ میر بریق نے اندرا گاندھی اوپن یونیورسٹی کے بی کام امتحانات کے نتائج میں پورے ملک میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
یہ امتحانات گزشتہ برس منعقد کیے گئے تھے اور ان کے نتائج رواں برس کے جنوری میں شائع کیے گئے تھے جس میں انہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے اور گزشتہ ہفتے انہیں دہلی میں اگنو انتظامیہ نے ایک بڑی تقریب میں انعامات سے نوازا۔
بریق کے والدین اور ان کی بہن اس کارنامے سے فخر محسوس کر رہے ہیں اور پوری وادی میں اس طالبہ نے اپنا نام روشن کیا ہے۔
بریق کا کہنا ہے کہ انہوں نے اگنو کو ریگولر کالجز پر ترجیح دی کیونکہ ان کو گھر کے کام کرنے کے علاوہ پڑھائی کرنے کا بھی بخوبی موقع ملا۔
بریق اگنو سے ہی مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں اور ساتھ ساتھ سول سروسز امتحانات کے لیے بھی تیاریاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔