سرینگر (جموں و کشمیر):دنیا کے مہنگے ترین مصالحہ جات میں شامل کشمیری زعفران کی غیر معمولی مانگ کی وجہ سے اس کی قیمت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور صارفین کو اب اس کی منفرد خوشبو اور ذائقے کے لئے لیے چاندی کی قیمت سے زیادہ روپے خرچ کرنے ہوں گے۔ کشمیری ورثہ اور ثقافت کے اہم ترین اجزاء میں سے ایک - زعفران - اس وقت بازار میں گزشتہ برس کے مقابلہ میں، 64 فیصد اضافی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
جموں و کشمیر کے محکمہ زراعت کے مطابق، زعفران کی قیمت گزشتہ ایک سال کے دوران دو لاکھ روپے فی کلو گرام سے تین لاکھ روپے فی کلو گرام تک بڑھی ہے۔ کشمیری زعفران کی 10 گرام کی قیمت تقریباً 3000 روپے ہے جو کہ 10 گرام چاندی (720 روپے) کی قیمت سے 126.53 فیصد زیادہ ہے، صارفین اب اس اضافے کے اثرات کو براہ راست محسوس کر رہے ہیں۔ کشمیری کاشتکاروں کے لیے - جن کی گزشتہ سیزن میں بہت زیادہ فصل ہوئی تھی - اس مصالحہ کی قیمت میں رواں برس نمایاں اضافے کے نتیجے میں بڑا نقصان ہوا ہے۔