سرینگر (نیوز ڈیسک) :وزیر اعظم نریندر مودی نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم کی زوجہ اور برازیل کے صدر کی شریک حیات کو کشمیری پشمینہ شال تحفہ میں دیا ہے۔ خواتین اول کو یہ تحفہ وزیر اعظم کی جانب سے جی ٹونٹی اجلاس کے دوران کشمیر کے معروف پیپر ماشی باکس میں عطا کیا گیا۔ پیپر ماشی، کشمیری پشمینہ شال کو ہدیہ کرنے سے کشمیری دستکاروں، کشمیر آرٹ سے وابستہ تاجرین کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اس سے کشمیری دستکاری کو بین الاقوامی سطح پر ایک مخصوص مقبولیت حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ جی ٹونٹی اجلاس، جو کہ دارالحکومت دہلی میں اتوار کو اختتام ہو، میں جی 20سے وابستہ بیس ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ان ممالک کے دیگر مندوبین سمیت خواتین اول بھی شریک ہوئیں۔ پیپر ماشی کے باکس میں پیک کیے ہوئے کشمیری پشمینہ شال کو بین الاقوامی سطح کے پروگرام میں معروف شخصیات کو ہدیہ کرنے کو کشمیری دستکاروں کے لیے نیک شگون تصورت کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ کشمیری دستکاری کو عالمی سطح پر ایک نئی اور خاص شہرت حاصل ہوگی۔