سرینگر (جموں و کشمیر) :عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ7 جون سے شروع ہو رہا ہے، ایسے میں پہلی پرواز آئندہ کل (بدھ کو) سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جدہ کے لیے روانہ ہوگی۔ حجاج کرام کی روانگی کے حوالے سے حج ہاؤس بمنہ سے بین الاقوامی ہوائی اڈے تک تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ سرینگر کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر عازمین حج کے آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔
سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ رشی نے کہا کہ عازمین کی آسانی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حج ہاؤس بمنہ میں عازمین کے سامان کی اسکریننگ کے لیے ایک خصوصی چیک ان کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ ایسے میں سامان کی اسکریننگ کے بعد حجاج کرام کو ایس آر ٹی سی (SRTC) کی اے سی کوچز کے ذریعے ہوائی اڈے پر لے جایا جائے گا اور ان کے سامان کو الگ سیل بند کنٹینر ٹرکوں میں لے جایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسٹم کلیئرنس بھی حج ہاؤس بمنہ میں ہی کی جائے گی تاکہ ہوائی اڈے پر بھیڑ بھاڑ سے بچا جاسکے۔A340 ائر بس سے عازمین حج کو سرینگر کے ہوائی اڈے سے جدہ لے جایا جائے گا۔ کلدیپ سنگھ نے مزید کہا کہ حجاج کرام کو ڈیپارچر انٹری گیٹ سے ہوائی جہاز تک لے جانے کے لیے ایئرپورٹ پر ایک علیحدہ راستہ مختص کیا گیا ہے جبکہ احرام باندھنے کے لیے علیحدہ جگہ رکھی گئی ہے جہاں عازمین اپنا احرام باندھ سکتے ہیں۔