سرینگر (جموں و کشمیر):ڈربی شائر میں رہائش پذیر کشمیری نژاد ڈاکٹر محمد سہیل ناستی ان 26 نمایاں لوگوں میں سے ایک ہیں جنہیں ان کی ناقابل یقین کامیابیوں کے اعزاز و اعتراف میں ’’پیلس آف ویسٹ منسٹر‘‘ میں ’’برٹش سٹیزن ایوارڈ‘‘ (بی سی اے) سے نوازا جائے گا۔ اپنے نویں سال میں - ون اسٹاپ کے تعاون سے پیش کیا جانے والا - برٹش سٹیزن ایوارڈ کے تحت اُن افراد کو اعزاز بخشا جاتا ہے جن کا ملک بھر کی کمیونٹیز پر مثبت اثر مرتب ہوتا ہے۔
29 جون 2023 کو کشمیری نژاد ڈاکٹر ناستی کو ویسٹ منسٹر کے محل میں باوقار ’’بی سی اے میڈل آف آنر‘‘ اور ’’دی برٹش سٹیزن ایوارڈ فار انٹرنیشنل اچیومنٹ‘‘ سے نوازا جائے گا۔ سنہ 1994 میں اپنی والدہ کی وفات کے بعد ناستی نے ’’مدر ہیلپیج یو کے‘‘ نام کی تنظیم کا آغاز کیا، جس نے اب تک دنیا بھر میں بے شمار لوگوں کو امداد فراہم کی ہے۔ غیر سرکاری تنظیم مدر ہیلپیج یو کے 20 سے زائد ممالک میں ضرورت مندوں کو نقدی، جنسی، طبی امداد اور رضاکارانہ خدمات فراہم کرتی ہے۔