سرینگر (جموں کشمیر) :کشمیر کے ایک نوجوان محقق نے وادی میں پائے جانے والے پرندوں پر ایک تفصیلی کتاب تصنیف کی ہے۔ پرویز یوسف پانپور قصبے میں آبی پناہ گاہ کے نزدیک رہتے ہیں اور اس علاقے کے ویٹ لینڈس میں آنے والے مہمان پرندوں کی آمد نے ان کو جموں کشمیر اور لداخ کے پرندوں پر کتاب تحریر کرنے کی جانب مائل کیا۔
پرویز یوسف نے اس مفصل کتاب میں 677 پرندوں کو دستاویزی شکل دی ہے اور انکے نام انگریزی، کشمیری، لداخی اور ڈوگری میں بھی مرتب کئے ہیں۔ پرویز یوسف ضلع پلوامہ کے پانپور علاقے کے رہنے والے ہیں۔ اس قصبے کے گرد و نواح میں چار آبی پناہ گاہیں ہیں جن میں ہر سال سرما میں ہزاروں مہمان پرندوں کی آمد ہوتی ہے۔ ان پرندوں نے پرویز کو پہلے حیاتات میں ماسٹرس ڈگری حاصل کرنے کی طرف راغب کیا اور بعد میں ان کو ان پرندوں پر کتاب لکھنے کی طرف بھی مائل کیا۔