سرینگر (جموں و کشمیر):وادی کشمیر ایک بار پھر غیر ملکی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں امسال اگست مہینے کی 31 تاریخ تک وادی کی سیر و تفریح کے لیے آئے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں 700 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ محکمہ ٹورزم کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 4028 غیر ملکی سیاحوں کی آمد درج کی گئی تھی وہیں رواں برس کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران 30647 غیر ملکی سیاحوں نے وادی کشمیر کا رخ کیا۔ جن میں زیادہ تر یورپ، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور مشرق وسطی کے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔
محکمہ ٹورزم کے مطابق سیاحوں کو وادی کی اور راغب کرنے کے لیے 75 نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کا خاکہ بھی تیار کیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف بین الاقوامی ٹریڈ فیئرز میں بھی حصہ لیکر بین الاقوامی سیاحوں کو یہاں آنے کی دعوت دی جا رہی ہے۔ وہیں یوروپی ممالک کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے باوجود سیاحتی شعبہ سے منسلک افراد اور محکمہ ٹورزم سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کی اُمید باندھے ہوئے ہیں۔
ٹورزم محکمہ کے ایک سینئر افسر نے دعویٰ کیا کہ ’’بعض ممالک کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری سے یہاں کی سیاحت پر زیادہ اثر نہیں پڑا ہے۔ جس طرح سے رواں برس غیر ملکی سیاح یہاں آئے ہیں، اس سے زمینی حقائق واضح ہو جاتے ہیں۔ امسال یہاں ٹورزم میٹ بھی ہوئی اس سے شعبے کو کافی فائدہ پہنچا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر بھی ٹورزم کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ٹراول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر کے صدر فاروق احمد کٹھو کا کہنا ہے کہ ’’دلچسپ بات ہے کہ امسال غیر ملکی سیاحوں نے وادی کا رخ کیا اور تعداد بھی اچھی خاصی دیکھی جا رہی ہے۔ ایسا 90 کی دہائی سے قبل دیکھا جاتا تھا۔ یہ کشمیر کی مجموعی معیشت خاص طور پر سیاحتی شعبہ کے لیے اچھی پیش رفت ہے۔ جی 20 اجلاس سے بھی کافی فائدہ ہوا ہے۔‘‘
کٹھو کا مزید کہنا تھا کہ ’’کشمیر، ماحولیات کے اعتبار سے کافی حساس ہے، اس لیے یہاں پر سرکار اور اسٹیک ہولڈرز کو سسٹین ایبل ٹورزم (Sustainable Tourism) کو عملانا چاہئے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ مہینے کی یکم تاریخ کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دعویٰ کیا تھا کہ امسال 1.27 کروڑ سیاح جموں و کشمیر کی سیر و تفریح کے لیے آچکے ہیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امسال سیاحوں کی ریکارڈ توڑ آمد متوقع ہے۔ ایل جی کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے سیاحتی ڈھانچے کو بہتر بنائے جانے کے حوالہ سے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔