سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 10 نومبر تک موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں جمعرات کی شام پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 3 سے 6 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 7 اور 8 نومبر کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ وادی میں 9 اور 10 نومبر کو بھی موسم ابر آلود ہی رہ سکتا ہے اور اس دوران کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 10 نومبر تک بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔