سری نگر:شبانہ درجۂ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہونے کے بیچ سری نگر اور وادی کے دوسرے حصوں میں جمعرات کی صبح جب لوگ نیند سے جاگے تو ان کے استقبال کے لئے برف کی مہین سی چادر بچھی ہوئی تھی۔ محکمۂ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں دوران شب 0.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 3.0 سینٹی میٹر اور 3.6 سینٹی میٹر اور کپوارہ میں 1.0 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے۔ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجۂ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجۂ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی11.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجۂ حرارت منفی 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔