سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ ایک دہائی میں ماہ فروری کا دوسرا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت منفی 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ وادی کے معروف ماہر موسمیات فیضان عارف نے یو این آئی کو بتایا کہ یہ گلمرگ میں گذشتہ ایک دہائی میں ماہ فروری کا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں گلمرگ میں 7 فروری 2019 کو سب سے کم شبانہ درجہ حرارت منفی14.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک اور مغربی ہوا کی لہر 16 فروری کو وادی میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں ہلکے درجے کا برف و باراں متوقع ہے۔ دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔