سرینگر (جموں و کشمیر) :محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 9 جولائی تک موسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں دوپہر یا شام کے وقت بارشوں کے مختصر مرحلے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 7 جولائی کو بھی کہیں کہیں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا امکان ہے جبکہ بعد میں 8 اور 9 جولائی کو کئی مقامات پر رک رک کر بارشیں ہو سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران جموں کے بعض حصوں میں صبح کے وقت درمیانہ درجے سے بھاری بارشوں کا امکان ہے۔
ادھر، قاضی گنڈ کو چھوڑ کر وادی کے دیگر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سرینگر میں شب کا کم سے کم درجہ حرارت17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت17.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔