سرینگر:وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے 15 سے 17 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں بوندا باندی ہونے کی بھی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں وادی میں 15 سے 17 جولائی تک رک رک ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
دریں اثناء، وادی میں موسم خشک ہونے کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم درج ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت17.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ کیا گیا۔