سرینگر (جموں کشمیر) : ڈل جھیل کی کنارے اور زبرون پہاڑی سلسلہ کے دامن میں واقع سری نگر کا ’’اندرا گاندھی میموریل ٹیولپ گارڈن‘‘ آنے والے سیزن میں گل لالہ کے رنگین پھولوں کی شاندار نمائش کے لیے تیار ہے۔ حکام نے اعلان کیا ہے کہ ایشیاء کا یہ سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن پہلی بار پانچ نئی اقسام سمیت 17 لاکھ ٹیولپ کے پھولوں کی نمائش کرے گا۔
باغ گل لالہ کو مزید جاذب نظر بنانے اور یہاں آنے والے سیاحوں کی دلجوئی کے لیے گل سالہ کی مجموعی ویرائٹی کو 73 اقسام تک پہنچا دیا گیا ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں پیش کی گئی 68 اقسام سے زیادہ ہیں۔ باغ گلہ لالہ کی خوبصورتی کے لئے کام کرنے والے ہنر مند شخص اور باغ گل لالہ کے انچارج جاوید مسعود نے بتایا کہ ’’ہالینڈ سے گلابیوں کی ترسیل میں تاخیر کی وجہ سے کام کا دورانیہ دسمبر کے وسط تک بڑھ گیا تھا، تاہم اس کے باوجود آنے والے سیزن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔‘‘
مسعود نے یقین دہانی کرائی کہ ’’تاخیر کے باوجود ٹیولپ گارڈن، جو حال ہی میں ورلڈ بک آف ریکارڈز میں شامل کیا گیا ہے، میں 17 لاکھ ٹیولپ کے ساتھ پورے آب و تاب سے سیاحوں کے لیے کھلے گا، جو مہمانوں کے لیے ایک دلکش منظر ثابت ہوگا۔‘‘ مسعود نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ باغ کی خوبصورتی بڑھانے میں عملے اور باغبانوں سمیت تقریباً ایک سو افراد کی محنت اور کاوشیں شامل ہیں۔