سرینگر:جموں کشمیر میں جہاں اسمبلی اور پنچایتی انتخابات کے انعقاد پر مرکزی سرکار کی جانب سے کوئی مثبت فیصلہ نہیں لیا جا رہا ہے، وہیں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی سمیت دیگر مقامی سیاسی جماعتیں پارلیمانی انتخابات کے لئے سرگرمیاں انجام دینے میں مشغول نظر آ رہی ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ گزشتہ دنوں سے وادی کے مختلف اسمبلی حلقوں میں سینئر لیڈران کے ہمراہ عوامی جلسے منعقد کرنے میں مصروف ہے۔ جموں کشمیر اپنی پارٹی بھی مختلف قصبہ جات میں پارٹی کنونشن، جلسے منعقد کر رہی ہے اور پارلیمانی انتخابات کے لئے تیاریوں میں جُٹی ہوئی ہے۔ وہیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) بھی گزشتہ ہفتے سے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی قیادت میں پارٹی جلسے منعقد کر رہی ہے۔
یہ جماعتیں اگرچہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے مطالبات کر رہی ہیں وہیں ایک دوسرے پر بھی شدید نقطہ چینی کرنے میں بھی کوئی کثر نہیں چھوڑ رہی ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے کہا کہ پارٹی کے نائب صدر عمر عبد اللہ جموں کشمیر کے ہر اسمبلی حلقے میں جا رہی ہے اور وہاں کارکنان کو سرگرم رکھنے کی کوشش میں ہے۔
جہاں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن (پی اے جی ڈی) کی بانی پارٹیاں ہیں وہیں پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر یہ جماعتیں کشمیر کی صورتحال کے حوالہ سے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھرا رہی ہیں۔ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس ’’انڈیا الائنس‘‘ میں بھی شریک ہیں لیکن ان پارٹیوں کی تقاریب سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں یہ علیحدہ علیحدہ انتخابات لڑنے جا رہی ہیں۔ گوکہ پارلیمانی انتخابات سے قبل ہی کشمیر سے یہ جماعتیں ’انڈیا الائنس‘ کو توڑنے کا آغاز کر رہی ہیں۔