سرینگر (جموں و کشمیر): کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں منفی 5.5 ڈگری سیلسیس کے ساتھ موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔ پہلگام، کوکرناگ، قاضی گنڈ، کپوارہ سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے۔ وادی کشمیر میں سبھی مقامات پر گزشتہ کئی دنوں سے شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقے میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 6.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں رات کا درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سیلسیس جبکہ کوکرناگ میں منفی 3.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں بھی موسم کی سرد ترین رات منفی 5.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کی گئی جب کہ مشہور سکی ریزورٹ گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔