نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما ڈاکٹر مصطفیٰ کمال اور عوامی نیشنل کانفرنس کی سینئر نائب صدر بیگم خالدہ شاہ کو گھر پر ہی نظر بند کیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ دونوں رہنما اپنے اپنے گھروں میں ہی تھے لیکن اس بیچ ڈاکٹر مصطفی کمال اور خالدہ شاہ کو پولیس نے فون پر اطلاع دی ہے کہ وہ آج اور کل یعنی4اور 5اگست کو اپنے اپنے گھر سے باہر نہیں جا سکتے ہیں۔
اس دوران ایم ایل اے ہوسٹل کے متصل مذکورہ سیاسی رہنماؤں کے رہائشی گاہ جانے والے راستے کو بندکر دیا گیا ہے جبکہ وہاں آس پاس پولیس اور فورسز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
انتظامیہ کے اس فیصلے کے بعد این سی کے سینئر رہنما مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ’’یہ کرفیو اور نظر بندی گپکار ڈیکلیریشن کے حوالے سے پھر عمل میں لائی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 5اگست2019 کو یہاں کی تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے گپکار ڈیکلیریشن میں جو فیصلہ لیا گیا یہاں کی تمام سیاسی پارٹیاں اس پر کاربند ہیں اور وہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت اور ریاستی درجے کی بحالی کے لئے آخری دم تک لڑیں گیں۔