اردو

urdu

ETV Bharat / state

'کشمیر کی خوبصورت جھیلیں آخری سانسیں لے رہی ہیں'

سینیئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے کہا کہ کشمیر کی خوبصورت جھیلیں غیر قانونی قبضہ جات اور تجاوزات سے سکڑ گئی ہیں اور آخری سانسیں لے رہی ہیں۔

سینیئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز
سینیئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز

By

Published : Mar 17, 2021, 10:30 PM IST

پروفیسر سوز نے کہا کہ ان آبی ذخائر کو آج میں نے قریب سے دیکھا اور میں بہت مایوس ہوا کہ اگر کشمیر کے لوگ اس بیش قیمت اثاثے کی حفاظت نہیں کریں گے تو وہ اس بہت ہی قیمتی سرمائے کو کھو بیٹھیں گے اور آنے والی نسلوں کے لئے حیرت اور افسوس کے بغیر کچھ نہیں چھوڑا جائےگا!

انہوں نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا: 'آج جب میں گل سر، خوشحال سر، آنچار اور براری نمبل دیکھنے گیا تو مجھے یہ دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا کہ یہ کسی زمانے کی خوبصورت جھیلیں سکڑ گئی ہیں اور دم توڑ رہی ہیں!'۔

پروفیسر سوز نے کہا: 'دراصل ہمارے درمیان ایسے ناعاقبت اندیش، لالچی اور خود غرض لوگ موجود ہیں، جو اپنی دسست درازی، لالچ اور حرص و ہوا میں ہمارے آبی ذخائر خصوصاً ان جھیلوں کو فنا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ مجھے یہ بات بھی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتی ہے کہ ان دست دراز خود غرض عناصر کو ہمارے سماجی نظام میں ہر قسم کی امداد میسر ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'خصوصاً ان عناصر سے جو رشوت خور اور قانون کا احترام کرنے والے نہیں ہیں۔ مجھے ناجائز تجاوزات کا منظر دیکھ کر بہت بڑا صدمہ ہوا ہے'۔

پروفیسر سوز نے کہا کہ لوگوں کو یہ بات جان کر بہت افسوس اور حیرت ہوگی کہ اب آپ خوبصورت آنچار جھیل کو دیکھ نہیں سکتے کیونکہ اس کے سارے کنارے ناجائز تعمیرات سے ڈھکے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا: 'اب اس فرسودہ اور عوام دشمن منظر کو قابو میں لاکر اپنی جھیلوں اور دیگر آبی ذخائر کو صرف ایک ہی چیز بچا سکتی ہے اور وہ یہ ہے کہ ہم ایک مضبوط عوامی تحریک چلا کر لوگوں کو خبردار کریں کہ ہمارا قومی اثاثہ خطرے میں آ گیا ہے اور کشمیر میں بیداری کے لئے ایک وسیع تحریک عوام کے سامنے آئے گی'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'اس روح فرسا دورے کے دوران صرف ایک روشنی کی کرن مجھے نظر آئی کہ جہاں بھی میں گیا، وہاں بہت سارے لوگ جمع ہو گئے اور مجھے یقین دلایا کہ وہ اس عوامی تحریک میں شامل ہو جائیں گے جس کی میں اگلے دنوں میں کوشش کروں گا'۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details